اسلام آباد،23اگست (اے پی پی):کوریا کے 5 رکنی پارلیمانی وفد نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔قومی اسمبلی میں پاک کوریا دوستی گروپ کے کنوینئر قیصر احمد شیخ نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات موجود ہیں ۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے عوام میں رابطوں کا فروع ضروری ہے۔
کنوینئر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ میں نے خودکوریا کو ترقی پذیر سے ترقی یافتہ ملک بننے کا مشاہدہ کیا ہے ،کوریا نے بڑی تیزی سے ترقی کے منازل طے کیں،کوریا کا ٹیکنالوجی اور گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ میں کوئی ثانی نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ کورین سرمایہ کار پاکستان میں دستیاب سرمایہ کاری کے وافر مواقع سے فائدہ اٹھائیں ،پاکستان میں سیاحت اور خاص طور پر مذہبی سیاحت کے مواقع موجود ہیں ۔
کورین پاک پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے کنوینئر لی ہیک ینگ نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور افغانستان پر طالبان کے قبضے کے وقت کورین شہریوں کے انخلا میں مدد فراہم کرنے پر پاکستان حکام کا شکریہ ادا کیا۔وفد نے قومی اسمبلی ہال کا بھی دورہ بھی کیا۔