حیدرآباد، 25 اگست ( اےپی پی): صوبائی وزیر اطلاعات و فوکل پرسن رین ایمرجنسی حیدرآباد شرجیل انعام میمن نے تعلقہ دیہی کے بعد آج شام حیدرآباد شہر مختلف علاقوں بشمول فتح چوک ، بدین بس اسٹاپ ، تلسی داس پمپنگ اسٹیشن، اسٹیشن روڈ ، فقیر کا پڑ، پریٹ آباد اور آفندی ٹاؤن کا دورہ کرکے برسات کے بعد کی پیدا شدہ صورتحال حال کا جائزہ لیا.
صوبائی وزیر نے ٹنڈو ٹھوڑھو، پھلیلی ، جیل روڈ ، سٹیزن کالونی ، گلستان سجاد، ممتاز شورو گوٹھ ، قادر نگر پمپنگ اسٹیشن کا بھی دورہ کیا اور نکاسی آب کا جائزہ لیا.
صوبائی وزیر نے دریائے سندھ کی پشتوں کی مضبوطی کے کام اور دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ کا بھی جائزہ لیا
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے شہر میں جاری امدادی کارروائیوں سے متعلق صوبائی وزیر کو آگاہ کیا.
شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں حیدرآباد میں شدید بارشیں ہوئی ہیں تاہم شہر کے تمام پمپنگ اسٹیشنز فعال ہیں اور متعلقہ عملہ دن رات نشیبی علائقوں سے برساتی پانی نکالنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں.
انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے باعث حیدرآباد سٹی ، قاسم آباد اور لطیف آباد تحصیلیں شدید متاثر ہوئی ہیں اور شہر میں گندگی میں اضافہ ہوا ہے.
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیح ہے کہ شہر سے پہلے مرحلے میں نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے جس کے لیۓ متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے بھی اپنے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ہیوی مشینری شہر میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت امدادی کارروائیوں میں تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ شہری سکون کا سانس لے سکیں.