لاہور،28 اگست ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر نعمان کبیر کی سربراہی میں وفد نے اتوار کو یہاں ملاقات کی ہے ،نعمان کبیر نے وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی کو ایل سی سی آئی کی جانب سے وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کے لئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا ۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداران کےجذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجر وصنعتکار برادری نے مشکل حالات میں ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے ،جب بھی قوم کو آزمائش کا سامنا کرنا پڑا، تاجر وصنعتکار برادری پیچھے نہیں رہی،لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے جذبے کو سراہتے ہیں ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم اصل حقدار تک پہنچائیں گے،سیلاب متاثرین کی بحالی و آباد کاری کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے، پاکستان کی پکار پر قوم کو ملی جذبے کا بے مثال کردار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب نے جو تباہی برپا کی ہے وہ ناقابل بیان ہے ،متاثرین کی بحالی کے لئے ایک بار پھر سب کو قومی جذبے سے کام کرنا ہو گا۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ این جی اوز اور صاحب حیثیت افراد کو بھی آگے بڑھ کر متاثرین کا ہاتھ تھامنا ہو گا۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے متاثرین کی مدد کے خصوصی فنڈ قائم کیا ہے،تاجر و صعنتکار برادری مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہماری حکومت نے آتے ہی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اوقات کار کی پابندی ختم کی، لاہورمیں معروف کاروباری مراکز کے قریب پارکنگ پلازے بنائے جائیں گے، انارکلی میں تاجروں اورعوام کی سہولت کے لئے پارکنگ پلازہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں تاجر وصنعتکار برادری کی سہولت کیلئے ریونیو ریکارڈ ڈیسک قائم کیا جائے گا۔
نعمان کبیر نے وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کو ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی، جو وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے قبول کرلی ۔اس موقع پر صدر لاہور چیمبرنعمان کبیر نے کہا کہ وزیر اعلی چودھری پرویز الہٰی نے سابقہ دور میں تاجر وصنعتکار برادری کے لئے بے مثال کام کئے ۔اب بھی کاروباری اوقات کار کی پابندی ختم کرکے آپ نے تاجر وصنعتکار برادری کے دل جیت لئے ہیں۔ تاجروں اورصنعتکاروں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد میں سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران طاہر منظور چودھری، میاں جبار خالد، مومن ملک، یوسف شاہ، محمد عثمان، احمد فراز ارشد اور مقبول صدیق اور سیکرٹری جنرل شاہد خلیل شامل تھے جبکہ سینیٹر کامل علی آغا،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی اور سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب جی ایم سکندر بھی اس موقع پر موجود تھے۔