ضلع میں سیلابی صورتحال سے موثرانداز میں نمٹنے کے لئے ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت اہم اجلاس

7

رحیم یار خان، 28 اگست (اےپی پی): ضلع میں سیلابی صورتحال سے موثرانداز میں نمٹنے کے لئے ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) عبدالطیف خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر  نے ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں بارے بریفنگ دی

چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی اپنے سیلاب متاثرہ مواضعات اور امدادی کاموں بارے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر کی ریسکیو حکام اور متعلقہ محکموں کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں آئندہ دنوں میں اضافہ متوقع ہے۔ دریائی بیٹ میں موجود تمام خاندانوں کو بلا تاخیر باہر محفوظ مقامات یا امدادی کیمپس میں منتقل کیا جائے۔۔ پہلی فرصت میں خواتین اور بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔اگلے پانچ روز امدادی کاموں اور ریسکیو سرگرمیوں کے لئے سرکاری مشینری پوری طرح متحرک رہے گی۔انسانی جان اور قیمتی املاک کو بچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔سیلاب سے متاثرہ ضرورت مندوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں تمام ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔کمشنر بہاولپور کی ہدایت پر منچن بند ہر چار کلو میٹر پر عارضی خیمہ بستیاں قائم کی جائیں۔

عارضی خیمہ بستیوں میں ریسکیو1122، مال، لائیو سٹاک، صحت، پولیس کا عملہ موجود ہونا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہاکہ منچن بند پر قائم عارضی پوائنٹس پر دو تا تین بوٹس ہمہ وقت موجود ہونی چاہیے۔دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال مکمل انتظامی کنٹرول میں ہے۔ سیلابی صورتحال بارے غلط افواہیں پھیلا کو خوف ہراس پید اکرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ سیلابی صورتحال بارے مصدقہ اطلاعات روزانہ کی بنیاد پر شیئر کرے گی۔

20اگست کو ضلع سے6لاکھ70ہزار سے زائد کیوسک کا سیلابی ریلا گزارا گیا ہے۔آئندہ48گھنٹوں میں محکمہ آبپاشی حکام کے مطابق دریائے سندھ میں پانی7لاکھ کی حد تک پہنچ سکتا ہے۔مشکل کی اس گھڑی میں مخیر حضرات بھی آگے بڑھ کر امدادی کاموں میں حصہ لیں۔ مخیر حضرات و ادارے ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے اپنے ہاتھوں امدادی سرگرمیاں انجام دیں۔