3 کروڑ سے زائد لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے، متاثرین اپنے گھر بار ، مال مویشی کھو چکے ، فصلیں تباہ ہو چکیں ، ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہیئے ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

10

سیالکوٹ۔29اگست  (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو اس وقت ملک  کو  بدترین سیلاب کا سامنا ہے  جس سے 3 کروڑ سے زائد لوگ سیلاب سے  متاثر ہوئے ہیں اور اپنے گھر بار اور مال مویشی کھو چکے ہیں، فصلیں بھی تباہ ہو چکی ہیں  اور ابھی یہ خطرہ ٹلا بھی نہیں ہے  لیکن ایسے حالات کے باوجود پی ٹی آئی سیاست چمکا  رہی ہے ، ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کرملکر  اپنے سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہیئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پیر  کو یہاں ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی کئی بار اس عزم کااظہار کیا ہےکہ آئیں سب ملکر اس مشکل اور تکلیف کی گھڑی میں اپنے متاثرین کا ساتھ دیں اور انکی مدد کریں لیکن ان حالات میں جبکہ فصلیں تباہ ہو چکی ہیں سینکڑوں لوگ مر چکے ہیں کروڑوں بے گھر ہو چکے ہیں اس دوران بھی پی ٹی آئی ملک کو مزید تباہ کرنے کے در پے ہے، پی ٹی آئی کے  دو صوبائی وزراء   آئی ایم ایف کو خط لکھ رہے ہیں کہ وفاقی حکومت کو پیسے نہ دئیے جائیں تاکہ ملک  و قوم مزید بحران کا شکار ہو، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی  کا یہ اقدام وطن اور ریاست کے خلاف ہے ، پی ٹی آئی ایسا کر کے وطن عزیز اور ریاست سے اختلاف کر رہی ہےجس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں  پٹرول  ، بجلی اور گیس کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے  آئی ایم ایف سے امداد کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کر سکیں لیکن پی ٹی آئی وطن اور ریاست سے اختلاف کر رہی ہے جس سے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، اور یہ کہ کوئی بھی محب وطن پاکستانی پی ٹی آئی کے اس منفی اقدام کی حمایت نہیں کر سکتا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگ اپنے ذاتی مفاد کی خاطر اور اقتدار کی حوس میں پاکستان کی سالمیت کو بھی دائو پر لگانے کے لیے تیار ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ذات سے ہٹ کر ملک و قوم کے لیے سوچنا چاہیئے اقتدار تو اللہ تعالیٰ کی دین ہے جو عارضی ہے لیکن سب سے بڑھ کر اور اہم ترین ملک پاکستان ہونا چاہیئے کیونکہ یہ وطن سلامت ہے تو ہم سب ہیں ۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ خدارا اقتدار کی ہوس میں پاکستان کو تباہ نہ کریں، ایسے میں جب ملک کی تین کروڑ سے زائد آبادی سیلاب سے متاثر ہے، لوگوں کے بچے مر گئے ہیں، مویشی مر گئے ہیں ، فصلیں تباہ ہو چکی ہیں خدارا ایسے وقت میں ایسا نہ کریں ، اپنے ملک کا سوچیں ، سیاست بعد میں ہوتی رہے گی۔ خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ملک توڑنے کے بہت سارے منصوبے بنائے جو ناکام ہوئے اور انشاء  اللہ پی ٹی آئی کا یہ منصوبہ بھی ناکام ہو گا، پی ٹی آئی والے ہمارے ساتھ اختلاف کریں لیکن ملک کو تباہ نہ کریں اور نہ ایسے منصوبے بنائیں جو ملکی سالمیت کے لیے خطرہ ہوں۔