ملتان، 30 اگست (اے پی پی ): انسپکٹر جنرل پولیس خالد محمود کے احکامات کی روشنی میں ڈی آئی جی/زونل کمانڈر شاہد جاوید اور سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل کی ہدایات پر موٹروے سنٹرل 2 زون پر چلنے والی تمام چھوٹی بڑی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے ٹرمینلز پر بریفنگ سیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی مسرور علی نے بس کے عملے سٹیورڈ/بس ہوسٹس کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں بس سے باہر نکلنے یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں حفاظتی آلات کے موثر استعمال کے بارے خصوصی بریفنگ دی اور ساتھ ساتھ ایمرجنسی کی صورت میں بس میں پچھلی جانب ایمرجنسی ایگزٹ کا گیٹ کھولنے اور اس سے اخراج بارے بتایا گیا تاکہ وہ ہر سفر کا آغاز کرنے سے پہلے تمام مسافروں کو احتیاطی تدابیر بارے آگاہ کریں۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس قومی شاہراؤں پر قانون کے بلا تفریق عمل درآمد کے ساتھ مسافروں کے سفر کو محفوظ اور آرام دہ بناتے ہوئے تمام لوگوں کی خدمت کے لیے پر عزم ہے۔