رحیم یار خان،06ستمبر(اے پی پی): کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے حب اینڈ سکوپ ماڈل ہسپتال ظاہر پیر کی تکمیل ناگزیر ہے، حب اینڈ سکوپ ہسپتال کی تکمیل سے N5 اور کے ایل پی روڈ حادثات کے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی ممکن ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو دورہ رحیم یار خان کے دوران ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کے ہمراہ ضلع کے مختلف سیکٹرز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، ایکسین ہائی ویز سید حسنین زیدی،ایکسین بلڈنگ نعمان سلیمان، ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر آغا توحید نے منصوبوں کی پیشرفت بارے بریفنگ دی۔
کمشنر بہاولپور راجہ جہانگیر انور کو حب اینڈ سکوپ ماڈل ہسپتال ظاہر پیر پر جاری کام بارے آئی ڈیپ حکام نے بریفنگ دی جبکہ ظاہر پیر تا چاچڑاں شریف دو رویہ سڑک، ظاہر پیر سیوریج سسٹم بارے بھی بریفنگ دی گئی اور میانوالی قریشیاں تحصیل سطح ہسپتال کی تکمیل بارے بھی بتایا گیا۔
اس موقع پر کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر بہاولپور ڈویژن میں ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے، اہم پراجیکٹ کو جلدی مکمل ہونا چاہیے اس کے لئے وہ آئی ڈیپ کے اعلیٰ حکام سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حب اینڈ سکوپ منصوبہ کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے، پہلے مرحلہ میں ٹراما سینٹر فنکشنل کیا جائے ۔ل جبکہ 60 بیڈز پر مشتمل میانوالی قریشیاں ہسپتال کو بھی آئندہ ماہ تک فنکشنل کر دیا جائے ۔
کمشنر بہاولپور راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ دو رویہ شاہرات کے درمیان ڈیوائڈر کی تعمیر میں مالی بچت کو یقینی بنایا جائے ، دورویہ شاہرات کے درمیان ڈیوائڈر کی تعمیر میں کنکریٹ کا بے جا استعمال پیسوں کا ضیاع ہے ۔انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہوں کی تعمیر کے موقع پر بارشی و سیوریج کے پانی کی نکاسی کے لئے ڈیزائن میں گنجائش رکھی جائے ۔
کمشنر بہاولپور نے تمام منصوبوں کے دورہ پر واضح کیا کہ شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ضلع میں جاری تمام سیکٹرز کے عوامی فلاحی منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تمام حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار و مقدار پر کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی ۔
ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ حب اینڈ سکوپ منصوبہ مرحلہ وار مکمل کرنے کی ہدایات پر عمل کیا جائے گا، میانوالی قریشیاں 60 بیڈز ہسپتال آئندہ ماہ کے آغاز پر فنکشنل کر دیا جائے گا۔











