رحیم یار خان ، 06 ستمبر (اے پی پی ): ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے پنجاب حکومت تمام وسائل فراہم کر رہی ہے، متاثرین کی مدد میں ضلع و صوبوں کی سرحدوں بارے کوئی تفریق نہیں کی جائے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو یہاں ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کے ہمراہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر متاثرین سے گفتگو میں کیا۔ کمشنر نے ہز ہائی نس شیخ خلیفہ برج پر سیلاب سے متاثرہ پناہ گزینوں سے مسائل دریافت کئے اور شیخ خلیفہ برج پر جاری کاموں کا جائزہ اور کیمپ آفس کا دورہ کیا ۔کمشنر کو شیخ خلیفہ برج پر کام کرنے والے محکموں ایف ڈبلیو او، نیسپاک اور ہائی ویز حکام نے بریفنگ دی ۔
کمشنر بہاولپور راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ متاثرہ افراد کسی بھی ضلع یا صوبہ کے ہوں انتظامیہ فوری مدد کو پہنچے۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ شام تک روجھان اور رحیم یار خان کے متاثرہ مواضعات میں بے گھر خاندانوں کو خیمے، خوراک فراہم کئے جائیں ۔
ڈویژنل کمشنر نے متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کی بحالی تک کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، شیخ خلیفہ برج اپروچ روڈز کی بروقت تکمیل دونوں اضلاع کی عوام میں معاشی ترقی لائے گی، سیلابی پانی میں کمی آتے ہی اپروچ روڈز کی تعمیر میں تیزی لائی جائے ۔
ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ مواضعات میں ریلیف کے کاموں کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں،اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ ضلع میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ اندرون منچن بند مواضعات کی فصلیں اور گھرانے متاثر ہوئے ہیں ،پانی کی سطح میں کمی آتے ہی نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا ۔











