6 ستمبر یوم دفاع پاکستان ، شہداءاور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے

5

کوئٹہ 6ستمبر (اے پی پی): آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان وطن عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءاور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جس دن ملک کی دفاع کے لئے ہماری افواج اور عوام نے دشمنوں کو شکست فاش دیکر ثابت کیا کہ پاکستان قوم اور افواج اپنی سرزمین کی دفاع کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اس دن جہاں ملک کی دفاع کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے وہی ملک کے اندر چھپے ہوئے سماج دشمن عناصر کا مقابلہ کرکے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر یادگار شہداءبلوچستان پولیس پر حاضری دیکر پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے موقع پر کیا۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے مزید کہا کہ ہم اپنے شہداءکو نہیں بھولے بہادر اور قربانی سے سرشار فورس کا کمانڈر ہونے پر فخر ہے اور ملک میں امن واستحکام اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کی قربانی دینے والے پولیس شہداءکو سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام اور وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والوں کے اہل خانہ کو بھی سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے خاندانوں کی بہترین فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح میں شامل ہے۔ اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر یادگار شہداءپولیس بلوچستان پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ بلوچستان پولیس کے چاق وچوبند دستے نے یادگار شہداءپر سلامی دی۔