حیدرآباد، 6 ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر اطلاعات و فوکل پرسن رین ایمرجنسی حیدرآباد شرجیل انعام میمن آج تعلقہ دیہی کے مختلف ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور ریلیف کیمپس میں مقیم متاثرین سے سہولیات سے متعلق معلومات لیں۔ صوبائی وزیر نے یونین کونسل موسیٰ کھٹیان ، یو سی ناریجانی اور ٹنڈو حیدر کے ریلیف کیمپس کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت دی کہ ریلیف کیمپس میں دو وقت کے پکے ہوئے کھانے سمیت متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایات دیں ک ریلیف کیمپس میں نادرا موبائل وین کی سہولت کا بندوبست بھی کیا جائے تاکہ متاثرین کے شناختی کارڈ بن سکیں اور انہیں بی نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے جلد مالی امداد مل سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جن ریلیف کیمپس میں بجلی نہیں ، وہاں حیسکو کی جانب سے بجلی بحال کی جائے جبکہ ریلیف کیمپس میں ملیریا اور ڈینگی سے بچاؤ کیلئے اسپرے بھی کیا جائے ۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے راہوکی شاخ اور ہوسڑی شاخ کا بھی معائنہ کیا اور شاخوں میں پانی کی سطح کا جائزہ لیا.