یوم دفاع ؛ شہید لالک جان کے مزار پر تقریب کا انعقاد، پاک فوج کے جوانوں نے سلامی پیش کی

10

غذر،06 ستمبر(اے پی پی ): ملک بھر کی طرح ضلع غذر میں بھی 6ستمبر یوم دفاع  ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے ۔اس حوالے سے  ضلع غذر کے گاؤں ہندور میں   لالک جان شہید   کے مزار پر مختصر سی تقریب  منعقد ہوئی ۔فورس کمانڈر میجر جنرل جواد احمد نے لالک جان نشان حیدر کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی ،فاتحہ کی اور سلامی پیش کی گئی۔

فورس کمانڈر گلگت  بلتستان نے مزار پر موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے ،ہمارے شیر جوانوں نے ملک خداداد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور پیش کر رہے ہیں ،ہمیں ان جوانوں پر فخر ہے اور ان کی نقش قدم پر چلتے ہوئے ہم سب یک جاں ہو کر اس ملک کی خدمت کرنا ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج یوم دفاع کے موقع پر ہم اپنے شیر جوانوں کی یاد تازہ کرتے ہیں جنہوں نے ہر محاذ پر اپنا لوہا منوا کر دشمن کو ٹھکانے لگایا ہے۔

 فورس کمانڈر گلگت  بلتستان نے اے پی ایس کے بچوں سے بھی ملاقات کی اور شہید کے ورثا کو تحائف بھی پیش کئے۔