حیدر آباد، 7 ستمبر(اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہاہے کہ سیلاب اور بارشوں نے سندھ کو تباہ کردیا ہے اور اس وقت ضرورت ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملکر متاثرین کی امداد کرنی چاہیے۔
بدھ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمد شاہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ سمیت چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے دورے کئے ہیں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کاجائزہ لیاہے جبکہ سندھ کے لئے انہوں نے 15 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے سیلاب متاثرین کے لئے فنڈز اکٹھے کئے ہیں اور وہ جلد متاثرہ اضلاع کے دورے کر کے متاثرین میں امداد اشیاء تقسیم کریں گے۔
سید شاہ محمد شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے منچھر جھیل میں کٹ لگا کر سیہون شہر کو بچانے کی کوشش کی ہے اور جس کی وجہ سے ان کا اپنا گاؤں واہڑ بھی زیر آب آگیا ہے۔ انہوں کہا کہ مٹیاری ضلع میں ان کا اپنا گاؤں بھانوٹ بھی ڈوب گیا ہے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں کو اپیل کی کہ سیاست کو چھوڑ کر بلا تفریق متاثرین سیلاب کی مدد کی جائے۔
پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نےکہا کہ مسلم لیگ ن نے سیلاب کیوجہ سے سیاسی سرگرمیاں معطل کردی ہیں اور اب سماجی کام ہوں گے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ موجودہ حالات میں دشمن ملک غلط فائدہ اٹھا کر ملک میں انتشار پھیلا سکتا ہے اس لئے ہمیں متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔
اس موقع پر سابق ایم پی اے سورٹھ تھیبو اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔











