گورنر پنجاب سے برٹش ہائی کمشنر کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

13

لاہور، 08ستمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے برٹش ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی۔   ملاقات میں سیلاب کی صورتحال، ماحولیات، دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

برٹش ہائی کمشنر نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ گورنر پنجاب نے برٹش ہائی کمشنر کو سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

 گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے تمام اداروں اور صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، وہ سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچ رہے ہیں اور انہوں نے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے خطیر رقم بھی مختص کی ہے۔  گورنر پنجاب نے سیلاب متاثرین کے لیے یو کے(UK) کی طرف سے خطیر رقم کے اعلان پر شکریہ ادا کیا۔ گورنر پنجاب نے برطانیہ کی  Developing Countries Trade Scheme (DCTS) میں پاکستان کی برآمدات کے لیے مراعات کے اعلان کا بھی خیر مقدم کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ امید ہے دونوں ممالک کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ جلد شروع کیا جائے گا۔ برٹش ہائی کمشنر نے پنجاب کی جامعات میں ماحولیات پر کنسورشیم بنانے کے اقدام کو سراہا۔ کرسچین ٹرنر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے یو کے سمیت پوری دنیا متاثر ہو رہی ہے،ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلیوں پہ کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔