عراق اور پاکستان کے مابین مضبوط تاریخی، روحانی اور ثقافتی رشتہ ہے؛وفاقی وزیر ساجد حسین طوری

7

اسلام آباد،09 ستمبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ عراق اور پاکستان کے مابین مضبوط تاریخی، روحانی اور ثقافتی رشتہ ہے، پاکستان عراق کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عراقی سفیر حامد عباس  سے  ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور عراق کی طرف سے ویزہ پر پابندی اور زائرین کے مسائل و سہولیات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

 وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ  ہر سال لاکھوں پاکستانی اربعین پر زیارت امام حسین علیہ السلام کے لئے عراق جاتے ہیں، اسوقت پاکستانیوں کو عراق کے ویزے حصول میں پریشانیوں کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ زیارت پر جانے والے پاکستانی خواہشمند افراد کو اربعین کے لئے ویزے جاری کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ زمینی راستوں سے جانے والے زائرین کو عراقی سرحدات کھلے جائے، جن افراد کو ویزے ایشو ہوئے ہیں انکو اوکے ٹو بورڈ کی  شرط ہٹا دی جائے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ اربعین کے بعد عراقی حکومت کیساتھ ملکر جامع زیارات پالیسی مرتب کرینگے، جامع پالیسی مرتب ہونے تک اربعین کے لیے زائرین کو ویزے جاری کئے جائے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ عرق میں معمولی جرائم پر قید پاکستانیوں کو رہا کیا جائے، غیر قانونی تاریکین وطن پاکستانیوں کیوجہ آج زیارات کے خواہشمند مشکلات کے شکار ہیں، انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کیخلاف سخت قانونی کاروائی کرینگے۔

عراقی سفیر  نے کہا کہ عراق کو پاکستان کیساتھ برادرانہ تعلقات پر فخر ہے، پاکستان اور عراق شروع سے ہی بہت اچھے دوست ہیں اور ہمیشہ رہینگے۔انہوں نے کہا کہ امسال اب تک اربعین کے لئے ہزاروں پاکستانیوں کو عراقی ویزے جاری کئے گئے ہیں۔

عراقی سفیر نے کہا کہ کوشش ہے کہ ہر خواہشمند پاکستانی کو زیارات کے لئے ویزہ دیا جائے، خواہش ہے کہ عراق میں پاکستانی ہنرمند قانونی طور پر کام کر سکے۔