سیلاب زدگان کیلئے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے گوادر پورٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام تقریب، چینی کمرشل کونسلیٹ پانگ گوان گوپان نے شرکت کی

4

گوادر،9ستمبر (اے پی پی ): سیلاب زدگان کی امداد کیلئے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے گوادر پورٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں کراچی سے تعینات  چینی کمرشل کونسلیٹ پانگ گوان گوپان سمیت جی او سی گوادر میجر جنرل عنایت حسین، چییرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر خان کاشانی، بحریہ کے ایڈمرل امتیاز علی ،ڈاٹریکٹر فنانس ادارہ ترقیات گوادر طارق عزیز لاسی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذاکر علی بلوچ ودیگر احکام نے شرکت کی۔

 تقریب میں بتایا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی نے چینی کمپنی اور دیگر ذرائع سے سیلاب زدگان کی مدد کیلیے فنڈز اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں جی پی اے کی جانب سے ایک ملین روپے مہیا کیے جاچکے ہیں جس میں جی پی اے کے افسران اورملازمین کے دو دن کی تنخواہیں اور چھوٹے ملازمین کی ایک دن کی تنخواہیں شامل ہیں،گوادر فری زون اور یہاں کام کرنے والے چینی کمپنیاں بھی سیلاب زدگان کی مدد کیلئے عطیات جمع کررہے ہیں۔ اس موقع پر سیلاب متاثرین کیلئے 5.88 ملین روپے کا عطیہ اکھٹا کیا گیا ہے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی کمرشل کونسلیٹ پانگ گوان گوپان نے کہا   کہ چینی حکومت اور عوام پاکستان اور اسکے اعوام کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر کرتے ہیں اور اس مشکل گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کے لئے ہر ممکن مدد کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

 تقریب سے مقررین نے اس خواہش کا اظہار کیا  کہ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی بحالی کا عمل جلد ازجلد مکمل ہو گا  اور چین پاکستان دوستی اسی طرح پھلی پھولی رہے۔