جنوبی پنجاب کے تمام اسپتالوں میں صحت سہولت پروگرام کو مکمل طور پر فعال کیا جائے؛ صوبائی وزیر ڈاکٹر محمد اختر ملک

3

ملتان، 09ستمبر (اے پی پی ): صوبائی وزیر محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کو رول آف بزنس میں دیئے گئے تمام اختیارات مکمل طور پر استعمال کیے جائیں اور جنوبی پنجاب کے تمام اسپتالوں میں صحت سہولت پروگرام کو مکمل طور پر فعال کیا جائے۔

 یہ ہدایات انہوں نے ہیلتھ سیکریٹریٹ جنوبی پنجاب آمد کے بعد محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی میڈیکل لیگل سرٹیفکیٹ تیار کرنے والے ڈاکٹروں کی فوری فہرست تیار کی جائے اور ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان، رحیم یار خان، بہاولپور میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں کے قیام کے لئے فوری پی سی ون تیار کرکے پیش کے جائیں اور جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ سے موثر سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانے کے لیے تمام خالی آسامیوں پر موزوں افسران کی تعیناتی کے لیے ریکوزیشن متعلقہ دفاتر بھجوائی جائیں۔

صوبائی وزیر محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک نے کہا کہ دیہی و بنیادی مراکز صحت پر دو شفٹوں میں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے  کہا کہ محکمہ صحت کے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے، تمام اسپتالوں اور مراکز صحت پر لوگوں کو ادویات ہر صورت ملنی چاہیں اور اس حوالے سے کہیں بھی شکایت نہیں ملنی چاہیے۔ انہوں نے سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیو اور دیگر سروسز میں غفلت برتنے والے افسران و ملازمین کے خلاف فوری پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے اور کسی کو بھی کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے۔

 قبل ازیں صوبائی وزیر محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک کی ہیلتھ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب آمد پر سیکریٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اقبال نے دیگر افسران کے ہمراہ صوبائی وزیر کا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

صوبائی وزیر ہیلتھ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے مختلف دفاتر اور سیکشن کا معائنہ کیا اور صوبائی وزیر ہیلتھ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید محنت اور جانفشانی سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔