نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب کی رجسٹریشن کا عمل مکمل،  تنظیم اب اپنے  قانونی اور دوسرے امور کو بہتر انداز سے چلا سکے گی؛ صوبائی وزیر سید حسین جہانیاں گردیزی

43

لاہور،09ستمبر ( اے پی پی ): صوبائی وزیر زراعت و صدر نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ لاہور میں نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔

 وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے اس موقع پر نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب کے رجسٹر ہونے کی خوشخبری سنائی اور کہا کہ نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے پر یہ تنظیم اب اپنے  قانونی اور دوسرے امور کو بہتر انداز سے چلا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ جنرل پبلک اور حکومتی سطح پر معاونت کے سلسلے میں نمبر دار موثر کردار ادا کر رہا ہے، اس کو ادارہ جاتی بنایا جارہا ہے،وراثت اور زمینوں کی تقسیم کے نظام کو بہتر طریقے سے چلانے کے لئے نمبرداروں کو متحرک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ دیہاتوں کے دوردراز علاقوں میں، پولیو کے قطرے پلوانے اور محرم الحرام کے ایام میں امن و عامہ کے قیام کے ضمن میں نمبرداروں کی خدمات مستعار لی جاسکتی ہیں ،محکمہ آبپاشی پنجاب کے ڈیجیٹل آبیانہ وصولی اور گردواری کے سسٹم کو موثر انداز سے چلانے کے لئے نمبرداروں کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے،زرعی ٹیکس کی وصولی کا کام بھی نمبرداروں کے ذمے ہونا چاہیے۔

اس موقع پر نمبردار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی کے اراکین نے نمبرداری گرانٹ الاٹ کرنے ونمبرداروں کو ساڈھے بارہ ایکڑ کے حساب سے حقوق ملکیت دینے کے نوٹیفیکیشن پر مکمل عملدرآمد،فری اسلحہ لائسنس بحال کرنے،         نمبرداروں کی تقرری کے ضمن میں وراثت کے30نمبر کی بجائے 50نمبر دینے،تحصیل و ضلع کی سطح پر آفس مختص،زراعت کی ضلعی ٹاسک فورس میں ممبرشپ اور سرکاری محکموں میں نمبرداروں کے اہل خانہ کے لیے کوٹہ مختص کرنے کے مطالبات پیش کئے۔

صوبائی وزیر نے تمام جائز مطالبات کے حل کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب چوہدری نزاکت علی گل،فنانس سیکرٹری پنجاب گلزار احمد بودلہ کے علاوہ لاہور،سرگودھا،ڈی جی خان،گجرات اور ملتان ڈویژن کے نائب صدور نےشرکت کی۔