آفات سے بچنے کے لیے فطرت کے خلاف جنگ بند کرنے کی ضرورت ہے؛سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ  انتونیو گوتریس

8

اسلام آباد،11ستمبر  (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ آفات سے بچنے کے لیے فطرت کے خلاف جنگ بند کرنے کی ضرورت ہے،حالیہ سیلاب بڑے پیمانے پر انسانی المیہ کو جنم دے رہا ہے۔

پی ٹی وی ورلڈ سے اتوار کو ٹیلی کاسٹ ہونے والے اپنے خصوصی انٹرویو میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ یہ قدرتی آفت واضح طور پر ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہے، ہمیں فطرت کے خلاف جنگ بھی ختم کرنا ہوگی،فطرت ہمیں تباہ کن انداز میں وہ کچھ لوٹا رہی ہے جو ہم نے اس کے ساتھ کیا،اس کا نشانہ وہ لوگ نہیں جو فطرت کو آلودہ کررہے ہیں،اس کا شکار وہ لوگ ہیں جنہیں موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات سے کم تحفظ حاصل ہے،ہمیں اس حوالے سے آگاہی پھیلانے اور آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے،جو ممالک ان تبدیلیوں کے ذمہ دار ہیں وہ پاکستانی عوام کی مددکریں۔