کوہاٹ، 12 ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے زیر انتظام تمام اسکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نےورکنگ فولک گرامر سکول نمبر 1 اور نمبر 2 کوہاٹ کے دورے کے دوران کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی انفارمیشن سیکرٹری ایم پی اے امجد آفریدی بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔سکول کے پرنسپل اور اساتذہ نے وفاقی وزیر کو سکول کے بارے میں بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ مزدوروں اور محنت کشوں کے بچوں کی تعلیم اور فیملی صحت کا خیال رکھا جائے گا،مزدوروں کے بچوں کے لیے بہترین تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہونہار طلباء کو ملک کے بہترین کالجوں اور یونیورسٹیوں میں وظائف دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے سکولوں کو سولرائز کیا جائے گا، کسی بھی ملک کی ترقی کا انحصار بہترین تعلیم پر ہوتا ہے، ورکرز ویلفیئر فنڈ کے زیر انتظام تمام اسکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کلاسز میں گئے اور طلباء سے گھل مل گئے اور ان کے مسائل بھی سنے۔انہون نے دور ےکے دوران نادرا آفس سمیت کئی ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کا افتتاح و اعلانات بھی کیے۔سینیٹر شمیم آفریدی اور ایم پی اے امجد آفریدی نے کوہاٹ دورہ پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔