ملتان ؛ ریسکیو1122چوک کمہاراں والہ ملتان پر ٹریفک حادثات کے حوالے سے سیمیناراور واک کا انعقاد

5

ملتان، 12 ستمبر (اے پی پی ): ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرڈاکٹر کلیم اللہ کی زیر سرپرستی سنٹرل اسٹیشن ریسکیو1122چوک کمہاراں والہ ملتان پر ٹریفک  حادثات کے حوالے  سے  سیمیناراور واک کا انعقاد کیا گیا جس میں روڈ ٹریفک کے حوالے سے عوام الناس میں آگاہی دینے کا لائحہ عمل ترتیب دیا گیا۔

 سیمینار میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرڈاکٹر کلیم اللہ،ایمرجنسی آفیسر آپریشن انجینئر احمد کمال،ایمرجنسی آ فیسر ایڈمن انجینئر محمدبلال، ریسکیو سیفٹی آفیسر محمد ارشدخان  اور تمام آفیسران، ریسکیورز اور روڈ ٹریفک حادثات میں متاثر ہونے والے لوگوں نے بھی شرکت کی اور اپنی آپ بیتی بھی بیان کی ۔

 اس موقع پر ہنڈا اٹلس کی طرف سے ریجنل منیجر سیفٹی آصف اکرم نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 112ملتان ڈاکٹر کلیم اللہ کے ساتھ ایک (ایم۔او۔یو)پر دستخط کئیے کہ ہم مل کر ملتان کے شہریوں کو حادثات سے بچانے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے اندر روڈ ٹریفک حادثات کی موجودہ اعدادو شمار کے پیش نظر آئندہ چند سالوں میں پاکستان کے اندر ہر گھر روڈٹریفک حادثہ سے متاثر ہوگا جو کہ ہمارے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے ۔انہوں  نے بتایا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے اندر روڈ ٹریفک حادثات کی شرح 5 فیصد ہیں جبکہ پاکستان کے اندر روڈ ٹریفک حادثات کی شرح خوفناک حد تک زیادہ ہے۔

 ڈاکٹر کلیم اللہ نے بتایا کہ پاکستان میں ہونے والے روڈ ٹریفک حادثات زیادہ تر موٹر سائیکل سواروں اور لاپرواہی،غفلت کی وجہ سے ہورہے ہیں یا وہ کسی بڑے حادثے کی وجہ بن رہے ہیں متاثر ہونے والے لوگوں میں نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جس کی وجہ سے خاندان اور معاشرے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا کہ ریسکیو 1122کی کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت آگاہی مہم چلا رہے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں میں شعور اُجاگر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے خود بھی روڈ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو، سکولوں، کالجوں میں طلباء کوروڈ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے آگاہی دیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے بتایا کہ روزانہ کئی لوگ روڈ ٹریفک ایکسیڈنٹ کی وجہ سے زندگی کی نعمت سے محروم ہو جاتے ہیں یا زندگی بھر کی معذوری کا سامنا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی تدابیر پر عمل پیر ا ہو کر روڈٹریفک ایکسیڈنٹ کے واقعات میں کمی لائی جاسکتی ہے ۔