پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، خام مال نہایت کم قیمت پر دستیاب ہے؛صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس سردار یاسر الیاس

35

اسلام آباد،12ستمبر  (اے پی پی): صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس سردار یاسر الیاس نے کہا ہے کہ پاکستان میں بزنس اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،پاکستان میں خام مال نہایت کم قیمت پر دستیاب ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو صدر آئی پی یو دوارتے پشیگو کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس سردار یاسر الیاس نے صدر آئی پی یو کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر سینیٹر فیصل سلیم رحمان بھی صدر آئی پی یو کے ہمراہ تھے۔عشائیہ میں اسلام آباد اور راولپنڈی بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نےشرکت کی۔

 صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس سردار یاسر الیاس نے کہا کہ پاکستان میں بزنس اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان میں خام مال نہایت کم قیمت پر دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں  22اکنامک زون ہیں جن میں سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔

 عشائیہ سے  صدر آئی پی یو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آکر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں، پاکستان کو دل کے بہت قریب سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی یو دو بار نوبل پیس پرائز حاصل کر چکی ہے، دنیا کے 178 ممالک اس تنظیم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی یو ملکوں کے درمیان تنازعات کے حل اور بات چیت کے فروغ کیلئے کام کرتا ہے، آئی پی یو دنیا کے پارلیمان کے درمیان رابطہ کاری اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل کے حل کیلئے آئی پی يو ایک اہم فورم ہے، ہمیں نوکریاں پیدا کرتے ہوئے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرتگال ایک خوبصورت ملک ہے، ہم پاکستان کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کیلئے تیار ہیں، پرتگال پاکستان فرینڈشپ گروپ کو مزید فعال کرنے کی کوشش کریں گے۔