اسلام آباد،13ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور و قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ادب سے وابستہ افراد کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے قلم کی طاقت کو جہالت کے خاتمے اور شہریوں میں مثبت اور تعمیری سوچ کو ابھارنے کے لیے استعمال کریں۔
انہوں نے یہ بات اکادمی ادبیات پاکستان (پی اے ایل) کے دورے کے موقع پر کہی جہاں چیئرمین اکیڈمی اور سینئر حکام نے وزیراعظم کے مشیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت فارینہ مظہر بھی موجود تھیں۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ادبی سرگرمیاں عوام میں امن، رواداری اور محبت کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام قومی زبانوں کے ادب کو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
مشیر وزیراعظم نے اکیڈمی کے لان میں پودا بھی لگایا۔ چیئرمین پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز ڈاکٹر یوسف خشک اور دیگر سینئر حکام نے مشیر وزیراعظم کو پی اے ایل کی مختلف سرگرمیوں اور منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر اکیڈمی کے چیئرمین نے وزیراعظم کے مشیر کو ملک میں ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اکیڈمی کی طرف سے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ انجینئر امیر مقام نے ہال آف فیم اور فیض احمد فیض آڈیٹوریم کا بھی دورہ کیا۔ اکادمی کے چیئرمین اور سینئر عہدیداروں نے انہیں اکادمی کے آئندہ منصوبوں بشمول لٹریری میوزیم کے اجراء، بین الاقوامی ادبی کانفرنس، چلڈرن انٹرنیشنل کانفرنس اور شانگلہ الپوری میں منعقد ہونے والے حافظ الپوری سیمینار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
انجینئر امیر مقام نے ادب کے فروغ کے لیے اکادمی کی کاوشوں کو سراہا اور تمام قومی زبانوں کے ادب کے فروغ پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں انجینئر امیر مقام نے اکیڈمی اسٹوڈیو کا بھی دورہ کیا اور اکیڈمی کے نئے قائم ہونے والے سٹوڈیو میں اپنا مختصر پیغام ریکارڈ کیا۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اکیڈمی اسٹوڈیو کا قیام ایک سنگ میل ہے کیونکہ مستقبل کا انحصار سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر ہوگا۔ ادبی شخصیات کے مکالمے اور مضامین نئے قائم ہونے والے سٹوڈیو میں ریکارڈ کیے جائیں گے، سٹوڈیو کے قیام سے اکیڈمی ادب اور علم کو بہتر طریقے سے فروغ دے گی۔