لاہور ،13ستمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم تمام اداروں کو ساتھ لے کر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ان تھک محنت کر رہے ہیں، حکومت کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج سیلاب متاثرین کی بحالی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں گورنر ہائوس لاہور میں بہاولپور سمیت مختلف علاقوں سے آئے وفود سے ملاقات میں کیا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ سیلاب سے ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جس کی بحالی کے لیے ایک طویل عرصہ درکار ہو گا۔انہوں نے کہا کہ گھر، سکول، ہسپتال اور رابطہ سڑکیں جو سیلاب میں بہہ گئیں ہیں انہیں دوبارہ بنانے میں ایک عرصہ لگے گا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وقت ملک ایک بحران سے گزر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی اس وقت مدد ہی نہیں کرنی بلکہ انہیں دوبارہ گھروں میں آباد بھی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کرنا سب کا قومی فریضہ ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ افواج پاکستان، ریسکیو 1122اورصوبائی حکومت سمیت سب ادارے سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف آپریشن میں قابل قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف فلاحی تنظیموں اور بزنس کمیونٹی کا سیلاب متاثرین کے لیے کام بھی قابل تعریف ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہاوس سے بھی بزنس کمیونٹی اور ریڈ کریسنٹ کے تعاون سے سیلاب زدگان کے لیے راشن اور امدادی سامان روانہ کیا گیا ہے ، انشااللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بطور چانسلر یونیورسٹیوں کو فلڈ ریلیف مہم میں متحرک کیا ہے،پبلک، پرائیویٹ یونیورسٹیوں سے بھی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان جا رہا ہے جبکہ یونیورسٹیوں سے افرادی قوت بھی جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔