بلوچستان میںگندم کی شدید قلت پربہت تشویش ہے، بلوچستان کے بہن بھائیوںکو تنہا نہیں چھوڑیں گے: چودھری پرویزالٰہی

4

لاہور، 14 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے بلوچستان کے وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بلوچستان کے بہن بھائیوں کیلئے مکمل یکجہتی کااظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں گندم کی شدید قلت پربہت تشویش ہے۔بلوچستان چھوٹا بھائی ہے اور پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے چھوٹے بھائی کے ساتھ کھڑا ہے۔اگرچہ پنجاب میں گندم کی قلت ہے تاہم ہم جذبہ ایثار کے تحت بلوچستان کے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب و بارشوں سے شدید متاثر بلوچستان کو 64ہزار 500میٹرک ٹن گندم فراہم کرے گا۔ بلوچستان کو گندم کاسٹ ریٹ پر فراہم کی جائے گی۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم اپنا پیٹ کاٹ کراپنے بھائی کا بوجھ بٹائیں گے۔ پنجاب میں گندم کی کمی کے باوجودہم بھائی چارے اور جذبہ خیر سگالی کے تحت بلوچستا ن کیلئے گندم مہیا کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بلوچستان کی غذائی ضروریات پورا کرنے میں معاونت کرے گی۔ وزیر خوراک بلوچستان زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے حقیقی معنوں میں بڑے بھائی کاحق ادا کیاہے۔  بلوچ بہن بھائی وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے جذبہ ایثار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آپ نے مشکل وقت میں بلوچستان میں بسنے والے لوگوں کا ساتھ دیاہے۔ آپ کا یہ اقدام صوبائی ہم آہنگی کے فروغ میں ممد ومعاون ثابت ہوگا۔ بلوچستان حکومت او رعوام آپ کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے بلوچستان میں بارشوں و سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر دلی دکھ او رافسوس کااظہار کیا۔  وزیر خوراک پنجاب سردار حسنین بہادر دریشک، صوبائی مشیر عامر سعید راں اور سیکرٹری خوراک پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔