انچارج محتسب گوجرانوالہ ڈویژن شاہدلطیف کا دورہ نارووال، کھلی کچہری میں سائلین کے مسائل سنے

13

نارووال،14 ستمبر( اے پی پی): انچارج محتسب  گوجرانوالہ ڈویژن شاہدلطیف خاں  نےنارووال کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس کمپلیکس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے کمرے میں لوگوں کی مختلف وفاقی محکموں کے خلاف اور انصاف آپ کی دہلیز پر کے تحت گیپکو، ایف آئی اے وغیرہ کے خلاف اٹھارہ  شکایات سنیں۔

اس موقع پر گیپکو، ایف آئی اے کے سینئر افسران موجود تھے۔کھلی کچہری میں دوران سماعت چودہ  شکایات کاموقع پر ہی فیصلہ کرکےلوگوں کو ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ باقی چار  شکایات کو اگلی تاریخ تک ملتوی کر دیا گیا۔

اس موقع پر موجودشکایت کنندگان نے وفاقی محتسب کے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ شاہد لطیف خاں ایڈوائزر(انچارج ) نے شکایات سننے کے بعدگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس ادارے کا مقصد لوگوں کو ان کی دہلیز  پر مفت اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے،اس سلسلہ میں نہ کسی وکیل کی ضرورت ہوتی ہےاور  نہ فیس کی اس سلسلے میں شکایات کا صرف  چالیس دن میں فیصلہ کیا جاتا ہے۔

سائلان نے ایڈوائزرشاہدلطیف سےدرخواست کی کہ اس طرح کی کھلی کچہری جاری رہنے چاہیے کیوں کہ یہ ان کے مسائل کا بہترین حل ہے اور ان کو اپنے ہی شہر میں رہ کر اپنا موقف پیش کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔