سیلاب زدگان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے؛ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان

5

لاہور،14ستمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد ایک مستقل عمل ہے ان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے ملک اس وقت بحران کی کیفیت میں ہے اس کار خیر میں سب کو مل کر اپنا حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے۔

 یہ بات گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے آج گورنر ہائوس لاہور میں نجی یونیورسٹی کی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر عائشہ زاہد بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاک فوج، حکومت، ادارے، مخیر حضرات اور پوری قوم سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ نجی جامعات سیلاب زدگان کے لیے اچھا کام کر رہی ہیں، انسانیت کی خدمت میں ہی سکون قلب ہے۔

اس موقع پربات کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے گورنر پنجاب کو ایسوسی ایشن آف آل پاکستان پرائیوٹ سیکٹر یونیورسٹیز(ایپ سپ)کی طرف سے رپورٹ پیش کی اور گورنر پنجاب کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادای سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ایپ سپ کی طرف سے 35 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کی جا چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیاں بلو چستان، خیبر پختون خواہ، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے فلڈ ریلیف مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے سپیرئر یونیورسٹی کی طرف سے جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 10 ملین کی خطیر رقم سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے پروجیکٹ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پرنجی جامعات کی سیلاب زدگان کی مدد کے جذبے کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ بطور چانسلر پبلک ، پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو سیلاب زدگان کی مدد کے لیے متحرک کیا ہے۔