کوئٹہ،14 ستمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنرژوب محمد رمضان پلال نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھرمیں تجاوزات کے خاتمہ تک ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں جاری رہیں گی،ژوب جیل روڈ اور مین بازارکے دونوں اطراف تجاوزات کرنے والے دوکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات کرنے والوں کا سامان اٹھوا کر تجاوزات کو ختم کروایا گیا ہےاور سڑکوں کے دونوں اطراف کے فٹ پاتھوں کو صاف کروایا گیاجبکہ بغیر این او سی کے چلنے والی دوکانوں کوسیل کردیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنرژوب محمد رمضان پلال نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی ضلع بھر میں تجاوزات ختم کرکے گلیاں، بازار،فٹ پاتھ اور سڑکیں کشادہ کی جارہی ہیں اور سرکاری اراضی بھی خالی کروائی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ، زمینوں پر ناجائز قبضے نہیں ہونے دیئے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنرژوب محمد رمضان پلال نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ،تحصیل کونسل اورمیونسپل کمیٹیوں کے افسران کی زیر نگرانی ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کےخلاف آپریشن جاری ہے، ضلع بھر کی تمام میونسپل کمیٹیوں سمیت تحصیل کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات کر رہے ہیں۔