سات دہائیوں سے زیادہ طویل حکمرانی کا سورج غروب ، برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم 96 سال کی عمر میں چل بسیں

10

اسلام آباد، 14 ستمبر (اے پی پی): سات دہائیوں سے زیادہ طویل حکمرانی کا سورج غروب ،دنیا میں کسی ملک پر سب سے لمبے عرصہ تک حکمرانی کرنے والی برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم 96 سال کی عمر میں چل بسیں۔وہ  1952 میں اپنے والد بادشاہ جارج ششم کے انتقال کے بعد ملکہ کے منصب پر فائز ہوئیں جبکہ  ان کی تاجپوشی سال 1953 میں ہوئی۔

ملکہ  الزبتھ دوم دولتِ مشترکہ کی صدر اور مملکت متحدہ کے علاوہ کینیڈیا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، پاکستان، بھارت اور سری لنکا کی بھی ملکہ رہیں۔ملکہ کے تاجپوشی گاؤن پر ہر دولت مشترکہ قوم کی نشانیاں کڑھائی کی گئی تھیں ۔

 پاکستان کے وزیر اعظم محمد علی بوگرا نے بھی لندن میں منعقدہ تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کی۔  تاجپوشی کی پریڈ میں پاکستانی فوجیوں اور جہازوں نے بھی حصہ لیا۔23 مارچ 1956 کو جمہوریہ آئین کو اپنانے پر پاکستان پر برطانوی بادشاہت ختم کر دی گئی۔ملکہ نے  1961ءاور 1997ء میں پاکستان کا دورہ کیا۔دورہ پاکستان کے موقع پر انہیں سلامی پیش کی گئی۔

9 ستمبر 2015 کو انھوں نے ملِکہ وِکٹوریا کے سب سے لمبے دورِ حکومت کے ریِکارڈ کو توڑ دیا۔ انہیں برطانیہ میں استحکام کی علامت سمجھا جاتا تھا۔اپنے اس 70 سالہ دورِ حکومت میں ملکہ برطانیہ نے کئی اتار چڑھاؤ دیکھے۔اپنے منفرد انداز، لباس، دوراندیشی اور سیاسی بصیرت کی بنا پر ملکہ الزبتھ کی شخصیت تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔