آواران میںکیڈٹ کالج کا قیام اہم پیش رفت ،پاک فوج کے شکر گزار ہیں؛وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

36

کوئٹہ،15ستمبر  (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے  کہا ہے کہ آواران جیسے دور افتادہ ضلع میں کیڈٹ کالج کا قیام اہم پیش رفت ہے جس کے لیے  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔

 ان خیالات کااظہارانہوں نے بلوچستان کے علاقے آوران جھل جھاؤ کے مقام  پربریفنگ کےبعد   گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آواران میں امن  و امان کے قیام کے لیے پاک فوج ،ایف سی اور لیویز فورس کی خدمات قابل ستائش ہیں ،امن و استحکام کے لیےجانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

 وزیراعلیٰ نے علاقے کے عوام خاص طور سے نوجوانوں کو کیڈٹ کالج کے قیام پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آواران کے عوام اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں،آج کا دن آواران کی تاریخ کا روشن دن ہے کہ یہاں کی نوجوان نسل کو کیڈٹ کالج کے قیام کی صورت میں عظیم تحفہ ملا ،یہ ہمارے علاقے کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی تعمیر کی بنیاد ثابت ہو گا.

اس موقع پروزیراعلی نے  نو تعمیر شدہ کیڈٹ کالج کا معائنہ بھی کیا،   وزیراعلیٰ کو پراجیکٹ ڈائریکٹر کی جانب سے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔