مظفرگڑھ میں امن کے قیام کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء ایک پیج پر ہیں؛ کمشنر لیاقت علی چٹھہ

18

مظفرگڑھ، 18 ستمبر(اے پی پی): کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ میں امن کے قیام کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے قیام امن   کیلئے  کئے گئے اقدامات کو سراہا اور انہیں تسلی بخش قرار دیا۔

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت   ڈپٹی کمشنر آفس  میں امن کمیٹی کا  اجلاس ہوا۔ لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ   انتظامیہ اور پولیس نے مل کر امن کے لیے مکمل ہوم ورک کیا ہے اور ان اقدامات اور انتظامات کو دیکھ کر انہیں امید ہے کہ حضرت امام حسین ؑ  کے چہلم کے جلوس کے موقع پر کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ  امن کے قیام کے لیے پاک فوج اور رینجرز کی معاونت بھی حاصل ہے۔

اجلاس میں شریک تمام مکاتب فکر کے علماء نے کمشنر کو تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ضلع میں پائیدار قیام امن کےلئے علما پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ ہیں۔

بعد ازاں  کمشنر ڈی جی خان نے چہلم کے مرکزی جلوس کے روٹ کا بھی دورہ کیا اور لائسنس داران سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ  جلوس وقت کی پابندی کرے گا اور ممبران امن کمیٹی جلوس کے ہمراہ ہوں گے اس موقع پر  ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر اور ڈی پی او احمد نواز بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع مظفرگڑھ میں چہلم کے 8 جلوس نکالے جاتے ہیں،  27 علماء و ذاکرین پر ضلع بندی جبکہ 18 پر زبان بندی ہے۔ ڈی پی او احمد نواز نے کمشنر کو بتایا کہ  چہلم کے جلوسوں کی سیکورٹی کے لئے 520 پولیس اہلکاروں اور 32 رضا کاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔