برسات متاثرین کی ازسرنو بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں؛ وفاقی وزیر سید نوید قمر

12

ٹنڈومحمدخان ،19 ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت و صنعت سید نوید قمر نے کہا کہ برسات متاثرین کی ازسرنو بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں، جلد ہی متاثرین اپنے علاقوں میں دوبارہ آباد ہو جائیں گے،جن علاقوں میں پانی موجود ہے وہاں ملیریا اور ڈینگی کے بڑھنے کا اندیشہ ہے،جس کے فوری خاتمے کے لئے یونین کونسل وائز اسپرے مہم کا آغاز کر دیا ہے، رہائشی علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی کے بعد زرعی زمینوں سے پانی کی نکاسی کو ہر صورت ممکن بنایا جائے گا تاکہ ان زمینوں پر اگلی فضل کاشت کی جاسکے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمدخان کے برسات متاثرہ گاؤں محبت خان بھرگڑی میں میڈیا سے  گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ چند ہفتے قبل مزکورہ گاؤں تک کشتی میں آنا پڑتا تھا،اہل علاقہ کے تعاون سے مزکورہ گاؤں کا زمینی رابطہ بحال کردیا گیا ہے، زمینی رابطےکی بحالی کے بعد آمدورفت سمیت کاروباری و معمولات زندگی بحال ہورہی ہے۔

وفاقی وزیر سید نوید قمر نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے مزید منصوبے شروع کریں گے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے محفوظ رہا جا سکے۔ زرعی زمینوں پر موجود برساتی پانی کے حوالے سے کئے جانے والے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ رہائشی علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی کے بعد زرعی زمینوں پر موجود پانی کی نکاسی کو ہر صورت ممکن بنایا جائے گا تاکہ اس زمین پر اگلی فصل کاشت کی جا سکے۔

 بڑھتے ہوئے ڈینگی کے واقعات اور مچھر مار سپرے کے حوالے سے سید نوید قمر نے کہا کہ شہری و دیہی علاقوں میں برساتی پانی کی موجودگی کے باعث ملیریا اور ڈینگی کے پھیلنے کا اندیشہ ہے، تاہم ہم نے یونین کونسل کی سطح پر مچھر مار اسپرے کی شروعات کردی ہے۔

قبل ازیں انہوں نے مقبرو شریف سمیت دیگر برسات متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کو ان کے علاقوں میں دوبارہ آبادکاری کی یقین دہانی کرائی۔