محکموں کے سیکرٹریزمنصوبوں کیلئے فنڈز کا درست اوربروقت استعمال یقینی بنائیں ؛وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی

10

لاہور،19 ستمبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ  افسران کی کارکردگی کوترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے جانچا جائے گا،محکموں کے سیکرٹریزمنصوبوں کیلئے فنڈز کا درست اوربروقت استعمال یقینی بنائیں، سمری یا فائل پر2روز کے اندر فیصلہ کیاجائے، وزیراعلیٰ آفس میں سمری یا فائل کی تیزی سے ڈسپوزل کو یقینی بنانے کیلئے عملدرآمد کا میکانزم قائم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں آل سیکرٹریز کانفرنس سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ افسران کی ٹنیور پوسٹنگ(Tenure Posting)کو یقینی بنائیں گے تاکہ وہ دلجمعی سے سرکاری فرائض سرانجام دیں اورڈلیورکریں،افسران کے ذاتی مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی  نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے قابل عمل طریقے کاروضع کرنے  کی   ہدایت کی  ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل ان کے شہروں میں حل ہونے چا ہئیں،لاہورآنے کی ضرورت نہ رہے، مل کر عوم کی فلاح وبہبودکا مشن پورا کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی پراجیکٹ شروع کیا جائے اسے دلجمعی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام تر کاوشیں کی جائیں، جنوبی پنجاب میں پہلے سے زیادہ کام کرنا ہے، کاشتکاروں کی سہولت کیلئے اراضی سینٹرز کا دائرہ کار قانگوئی سطح تک لیکر جائیں گے۔