نارووال،20 ستمبر ( اے پی پی):ڈپٹی کمشنرشاہدفرید نے کہا ہے کہ شہریوں کو آنے والے دنوں میں ممکنہ سموگ کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے ضلع بھر میں انسدادی اقدامات کو بھر پور طریقے سے جاری رکھا جائےاورضلع بھر میں سموگ سے بچاو کے حوالہ سے آگاہی مہم جاری رکھی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ماحولیاتی کمیٹی برائے اینٹی سموگ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمحمدحنیف،اسسٹنٹ کمشنرڈاکٹرارشدوٹو اسسٹنٹ ڈائریکٹرماحولیات محمداشرف،ڈی او انڈسٹری ذیشان نیاز،ڈی ڈی زراعت تنویراحمدتتلہ،اے ڈی لیبربہادرعلی،ڈی آئی او احسان الحق چوہدری،سیکرٹری آرٹی اے مریم خاں،انسپکٹرماحولیات احمدیار کے علاوہ صدربھٹہ ایسوسی ایشن عبدالغفورپڈا ودیگر نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنرنارووال نے اس موقع پرمحکمہ ماحولیات سمیت دیگرافسران کوہدایت دیتے ہوئے کہاکہ انسداد سموگ کے حوالہ سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں،سموگ کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے بھٹوں اور انڈسٹریز کی چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائےجبکہ دھواں چھوڑ کر ماحول کو آلودہ کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں بھی عمل میں لائی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ سموگ سے بچاو کیلئے احتیاطی تدابیر بارے کاشتکاروں کو تنبیہ کریں، وہ سموگ کے اثرات کم کرنے کیلئے فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کوتاکید کی کہ وہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں،کوڑا کرکٹ،پلاسٹک اور فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے اور ماحول کو آلودہ کرنے والوں کے خلاف بھر پور ایکشن جاری رکھیں اور ہر ہفتہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرماحولیات نے ڈپٹی کمشنرنارووال کوسموگ کے حوالے سے ضلع بھرمیں کئے جانے والے اقدامات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔











