اوکاڑہ،21ستمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ صفائی ستھرائی کا معاملہ ہو یا تعمیرو ترقی کا پارکس کو بہتر بنانا ہو یا گلی محلوں میں کوڑاکرکٹ اٹھا کر تلف کرنے کا معاملہ ہو سرکاری اداروں اور مقامی لوگوں کے تعاون سے بہتر نتائج بر آمد ہوتے ہیں مقامی ترقی کے لئے جہاں سرکاری ادارے ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں وہاں پر مقامی شہری بھی اپنے تعاون،معاونت اور ذمہ دارانہ کردار سے مثبت تبدیلی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم عام شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں اور یہ اس وقت ممکن ہے جب ہر ادارہ اور معاشرے کا ہر فرد بے لوث ہو کر خدمت کے کار خیر کو فروغ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیلس سینما چوک اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں کوڑے دان رکھنے کے اقدامات کے بعد مقامی لوگوں کی جانب سے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ سماج سدھار کے اس کام میں سرکاری ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں گے شہر کو صاف ستھرا رکھنے گلی محلوں سے کوڑا ٹھا نے اور محفوظ انداز میں تلف کرنے کے لئے بلدیہ کے شہری پول میں جدید مشینری ٹریکٹر ٹرالیوں اور صفائی کے لئے مخصوص گاڑیوں کا اضافہ کیا گیاہے جس میں شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں ہمیں مدد ملے گی۔ مقامی لوگوں نے پنجاب حکومت اور ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے کاوشوں اور قائدانہ کردار کو سراہا اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر سی ای او میونسپل کمیٹی عمر نسیم،پی ٹی آئی رہنما عزیز خان،آصف گجر،سماجی رہنما رانا قاسم سمیت عمائدین علاقہ،عام شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔











