سکھر۔21ستمبر (اے پی پی):سندھ اور پنجاب کا بدنام زمانہ ڈاکو سلطو شر پولیس مقابلے میں ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا ،ڈاکوتین ایس ایچ اوز اور درجن پولیس اہلکاروں کی شہادت کے مقدمات میں مطلوب تھے ۔ ڈی آئی جی سکھر جاوید جسکانی ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیو نے ڈی ایس پی آفیس اوباڑو میں مشرکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں دہشت کی علامت بنے ہوئے بدنام زمانہ ڈاکو سلطوشر اورعیسو شر رونتی کچے کے علاقے میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے ہیں ۔پولیس کی اس بڑی کامیابی پر ڈی آئی جی اور ایس ایس پی نے پولیس كو شاباشی دی اور ان کے لئے انعامات کا اعلان کیا ۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سےڈاکو ئوں کو زندہ یامردہ پکڑنے پر ایک کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا تھا، پولیس آپریشن کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ یہ ایک ٹارگٹڈ آپریشن تھا جس میں پولیس کی خصوصی ٹیم نے حصہ لیا۔پولیس کی اس بڑی کامیابی پر آئی جی سندھ نے گھوٹکی پولیس کیلئے 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے،ہلاک ڈاکوؤں کے جرائم کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی آئی جی سکھر جاوید جسکانی نے کہا کہ سلطو شر اور اس کے ساتھی تین ایس ایچ او سمیت بارہ پولیس اہلکار کی شہادت جبکہ اغوا برائے تاوان رہزنی ڈکیتی کے دو سو مقدمات میں مطلوب تھے۔











