غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولت دے رہے ہیں؛ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی

18

لاہور22، ستمبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی  نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے نئی آسانیاں پیدا کی ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاروں کوہر طرح کی سہولت دے رہے ہیں،ہمیں ایک دوسرے کے تجربات اورمہارت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنگری کے سفیر بیلہ فازیکس (Mr. Bela Fazekas)  سے گفتگو میں کیا،جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزیراعلی سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال  سمیت زراعت،ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اورواٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب اورہنگری کے مابین زراعت، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اورواٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہنگری کی جانب سے پاکستانی طلبہ کو وظائف کی فراہمی خوش آئند ہے۔

 اس موقع پر ہنگری کے سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ زراعت،ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اورواٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں معاونت کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب آپ 2006میں وزیراعلیٰ تھے تو اس وقت بھی آپ سے ملاقات ہوئی تھی، آپ سے ملاقات کی خوشگوار یادیں آج بھی مجھے یاد ہیں  ۔

اس موقع پرسابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ سمیت چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندراورمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔