لاہور، 27 ستمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے امریکن سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ امریکن قونصل جنرل ولیم میکانیولے (William Makaneole) بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ملاقات میں سیلاب کی صورتحال اور دو طرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تعلیم، صحت، تجارت اور دیگر شعبوں میں امریکہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ گورنر پنجاب نے امریکن سفیر سے پاکستانی طلبہ کے لیے سے فل برائیٹ سمیت دیگر وضائف میں اضافے کی بات بھی کی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت سیلاب کی وجہ سے مشکل وقت سے گزر رہا ہے. پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، پوری دنیا کو اس مشکل وقت میں انسانیت کی مدد کرنی چاہیئے۔ گورنر پنجاب نے امریکہ کی طرف سے پاکستانی سیلاب متاثرین کے لیے 66 ملین ڈالر کی امداد کا شکریہ ادا کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کئی پاکستانی طلبہ فل برائیٹ سکالر شپس پر امریکہ میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ امریکہ کی جانب سے پاکستانی صنعت کو جی ایس پی پلس(Gsp plus) کی طرز پر ترجیحی سہولیات دینی چاہیئیں. امریکن سفیر نے گورنر پنجاب کی تجاویز کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات کے بعد امریکی سفیر نے گورنر ہاوس کی تاریخی عمارت کا مختصر دورہ بھی کیا۔