اوکاڑہ،27ستمبر (اے پی پی): عالمی یوم سیاحت کے سلسلے میں ہڑپہ میوزم میں ایک سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں ہائر سیکنڈری سکول کے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے وائس چانسلر پروفیسر واجد نے تقافت اور ثقافتی سائٹس کے تحفظ اور ترویج کی اہمیت واضع کی۔ انہوں نے کہا کہ آفرینش آدم سے ہی انسان پرانی ثقافتوں کو جاننے اور سمجھنے کے حوالے سے متجسس رہا ہے اوراسی تجسس نے آرکیالوجی جیسے شعبہ تعلیم کو بھی جنم دیا۔انہوں نے طلباء کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ اپنی ثقافت کے تحفظ اور فروغ کےلیے کام کریں کیونکہ تقافتی سائٹس تاریخ کی آئینہ دار ہوتی ہیں۔
سیمینار میں کمشنر ساہیوال ڈویژن جاوید اختر محمود نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کی سیاحت کا شعبہ دنیا بھر میں تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں شمار کیا جاتا ہے جو ملک کی سماجی و اقتصادی بہتری میں اہم کردار ادا کرتاہے۔سیاحت روزگار کے مواقع فراہم کرنے، سماجی ترقی، غیر ملکی زرمبادلہ کمانے اور سرمایہ کاری کیلئے سب سے اہم شعبہ ہے۔ کمشنر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے خطیر رقم مختص کر رہی ہے تاکہ پاکستان کی ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دیا جا سکے اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے۔
سیمینار میں کیوریٹر ہڑپہ میوزیم احمد نواز ٹیپو نے عالمی سیاحت کے دن کی اہمیت اور ہڑپہ کی تہذیب بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر ساہیوال ڈویژن نے مہمانوں کو شیلڈ پیش کیں اور دن کی مناسبت سے کی گئی ایک واک میں بھی حصہ لیا۔ پروفیسر واجد نے کمشنر کو اوکاڑہ یونیورسٹی کے دورے کی دعوت دی تاکہ وہ یہاں پہ ہر شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو سول سروس کے امتحانات کے حوالے سے آگہی فراہم کریں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنرکامران خان، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگربھی موجود تھے۔