گلگت،9اکتوبر (اے پی پی):حکومت گلگت بلتستان کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نگر اور محکمہ سیاحت کے زیراہتمام سیاحت کو فروغ دینے کےلئے پسن نگر میں دنیا کے بلند ترین خوبصورت قدرتی کرکٹ گراؤنڈ میں اتوار کو پنجاب رانجھاز اور دلبرزگلگت بلتستان کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا گیا۔دونوں ٹیموں میں صوبائی سطح کے کھلاڑی اور افسران شامل تھے،سخت مقابلے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان میچ برابر ہو گیاتاہم خیرسگالی جذبہ کے طور پر دونوں ٹیموں نے سپراوور نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا اور میچ کو ٹائی قرار دے دیا گیا۔
پس نگر میں دنیا کے بلند ترین خوبصورت کرکٹ گرائونڈ راکاپوشی میں سیاحوں اور شائقین نے رانجھاز آف پنجاب اور دلبرز آف گلگت بلتستان کے درمیان دوستانہ میچ کے علاوہ علاقے کی ثقافت، سیاحت ، سپورٹس،گلیشیئرز،اوالانچز اور ٹریکنگ سے لطف اٹھایا ۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کہا کہ سیاحوں کو نگر کے اس خوبصورت اور پرفضا مقام پر آنا چاہیے، ہم نے ایکوسسٹم پرسمجھوتہ کئے بغیر صرف تین ہفتوں کے اندر سٹیڈیم اور سڑکوں کو کھو ل دیاجس سے سیاح محظوظ ہوئے اور مقامی ثقافت اور سیاحت کو فروغ ملا۔