گلگت،09 اکتوبر (اے پی پی): عشرہ رحمت اللعالمینﷺ اور محفل میلاد سرکاری سطح پر بھرپور اور شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے وزیر اعلی سیکرٹریٹ چنار باغ گلگت میں عشرہ رحمت اللعالمین،12 ربیع الاول کی مرکزی محفل میلاد امت مسلمہ،ملک و قوم کی ترقی و سلامتی پر مشتمل دعاؤں کیساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔
اختتامی تقریب میں وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید، صوبائی وزراء، ملک بھر سے جید علماء اور نعت خوان سمیت عاشقان رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اتحاد بین المسلمین کی بہترین مثال قائم کی۔ تقریب میں عمائدین علاقہ اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور عوام الناس نے بھی بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے اختتام میں ملکی سلامتی،گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی،قیام امن،بھائی چارگی،اور ہم آہنگی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور تمام مسلمانوں کو اسوہ حسنہ کے مطابق زندگی گزارنے پر زور دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اس موقع پر کہا کہ اس مبارک دن کا مقصد امن اور رواداری کا پیغام ہے، ہم سب مسلمان ایک ہیں کیونکہ ہم ایک نبی کے نام لیوا ہیں۔انہوں نے کہا کہ نبیﷺ کے ساتھ ہمارا عشق ہے ،ہم تولے جائیں گے تو بھی نبیﷺ کے عشق کی وجہ سے تولیں گے، اگر ہم نبی ﷺ کے وفادار ہیں تو ہم کامیاب ہیں ۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ آج کے دن نبی کریمﷺ کی ذات سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم ان کے سلامتی کے پیغام کو نہ صرف عام کریں بلکہ اس پر عمل بھی کریں اور گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں امن و آشتی اور اتحاد بین المسلیمین کیلئے کردار ادا کریں اور تمام تعصبات بھلا کر اسوہ رسولﷺ کی روشنی میں پاکستان کو ریاست مدینہ کا عملی نمونہ بنا دیں اور اپنے وطن سمیت پوری دنیا کو سلامتی و امن کا گہوارہ بنا دیں۔مح
فل میلاد کے اختتام پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے علماء کرام اور نعت خوانوں میں روایتی تحائف بھی پیش کیئے۔