اٹک،09 اکتوبر (اے پی پی ):ملک بھر کی طرح اٹک میں بھی مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبیﷺ مذہبی جوش وجذبہ سے منایا گیا، 113نعت خواں پارٹیوں نے مرکزی جلوس میں شرکت کی جو گلہاۓ عقیدت پیش کرتے ہوئے روائتی راستوں پر رواں دواں رہیں۔
جلوس کی قیادت ضلعی انتظامیہ علماء کرام مشائخ عظام نے کی، ہر طرف درود و سلام کی صدائیں بلند ہورہی تھیں، شہر بھر بالخصوص جلوس کے راستوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔صرافہ بازار اور دیگر تجارتی مرا کز کو مکمل طور پر برقی قمقموں سے سجا کر علاقہ کو بقہ نور بنا دیا گیا تھا، اسی طرح سرکاری اور نجی عمارات کو بھی برقی قمقوں سے سجایا گیا۔
جلوس کو فول پروف سیکیورٹی دی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر حسن وقار چیمہ اور ڈی پی او اٹک فضل حامد نے انتظامات اور سیکیورٹی کا خود جائزہ لیا۔
ادھر حضرو شہر میں بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا۔ مرکزی جلوس حضرو شہر میں نکالا گیا جس کی قیادت پیر عبدالسلام باچا صاحب ، مفتی اظہر محمود اظہری ، علامہ حافظ ناصر خان اور دیگر علماء کرام و عہدیداران مرکزی میلاد کمیٹی نے کی۔