ابھی تک گندم کی امدادی قیمت طے نہیں کی گئی، زرعی مسائل حل کرنے کے لئے چیمبر آف ایگریکلچر کی تجویز پر غور کیا جائے گا، احمد رضا مانیکا

12

اسلام آباد۔12اکتوبر  (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ حکومت نے ابھی تک گندم کی امدادی قیمت طے نہیں کی، زرعی مسائل کو حل کرنے کے لئے چیمبر آف ایگریکلچر کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران  نوید عامر جیوا کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری زراعت احمد رضا مانیکا نے کہا کہ پی اے آر سی کا بنیادی مقصد زراعت پر تحقیق کرنا ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ زرعی شعبہ کی پیداواری لاگت کم کرنے کے لئے تحقیق کی جائے تاکہ کاشتکاروں کو سائنسی انداز میں کاشتاری کرنے کی ترغیب دی جاسکے۔ ڈاکٹر محمد افضل ڈھانڈلہ کے سوال کے جواب میں احمد رضا مانیکا نے کہا کہ ہمارے تحقیق کے ادارے اگر ذمہ داری سے کام کرتے تو ہمارے پی ایچ ڈی سکالرز ملک چھوڑ کر نہ جاتے۔ زرعی تحقیق کے حوالے سے ہم بھرپور انداز میں کوششیں کر رہے ہیں، توقع ہے کہ اس کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ پارلیمانی سیکرٹری سید حسنین طارق نے کہا کہ 2018ء میں پاکستان اور چین کے درمیان زراعت کے حوالے سے ایک ایم و یو پر دستخط ہوئے تھے اس پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہوا۔ اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ چینی ٹیکنالوجی کو یہاں بروئے کار لایا جائے تاکہ فی ایکڑ پیداوار بہتر بنائی جاسکے۔ غوث بخش مہر کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری زراعت نے کہا کہ ملک مکئی میں خودکفیل ہے، گندم کے نعم البدل کے طور پر گندم اور مکئی کا آٹا ملا کر ایک آٹا مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ معین وٹو کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری احمد رضا مانیکا نے کہا کہ ابھی تک گندم کی امدادی قیمت طے نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف ایگریکلچرکی تجویز پر ضرور غور ہونا چاہیے۔