لاہور،12 اکتوبر ( اے پی پی): رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کا پاکستانی عوام سے محبت کا رشتہ ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مثالی حیثیت رکھتے ہیں ، ہمارا تعاون آپ کے ساتھ ہے اور رہے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں بدھ کو مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان راوی روڈ میں علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید بن احمد المالکی ، سینیٹر پروفیسر ساجد میر ، سینیٹر حافظ عبد الکریم، ڈاکٹر علی محمد ابو تراب، شاہ اویس نورانی سمیت علماء کی کثیر تعداد موجود تھی۔
علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے کہا کہ سعودی عرب کے پاکستان سے برادرانہ تعلقات ہیں، مشکل کی ہر گھڑی میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ، جس طرح پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے اسی طرح سعودی عرب کے مقیم بھی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے نتیجہ میں متاثر ہونیوالے افراد کی بحالی کیلئے سعودی عرب نے بھر پور تعاون کیا۔
شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے،اس وقت مسلم ممالک کو اسلاموفوبیا سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، دنیا میں اسلام کا حقیقی چہرہ پیش کرنے کیلئے علماء کرام اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ عالمی اسلامی بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہے، دین اسلام کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت مرکزی جمعیت اہلحدیث کی دینی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،مرکزی جمعیت اہلحدیث سے ہمارا گہرا تعلق ہے ، یہاں آ کر علماء سے ملاقات کر کے بڑی خوشی ہوئی۔انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث کی جانب سے شاندار استقبال اور مہمان نوازی پرسینیٹر پروفیسر ساجد میر اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید بن احمد المالکی نے کہا کہ عالم اسلام میں پاکستان کو ایک مرکزی حیثیت حاصل ہے، پاکستان نے ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کا ساتھ دیا ہے، اسی طرح سعودی عرب نے بھی قدرتی آفات و دیگر مشکلات میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیاہے۔انہوں نے کہا کہ تعاون کا یہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔
علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ خطبہ حج دینے والے ڈاکٹر شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ ہمارے درمیان موجود ہیں، دینی خدمات کے حوالے سے رابطہ عالم اسلامی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی بین المذاہت ہم آہنگی کے فروغ کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
پروگرام کے اختتام پر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے معزز مہمان کو شیلڈ پیش کی۔