اوکاڑہ؛ اندھے قتل کی واردات کا ملزم گرفتار، آلہ قتل  برآمد

14

اوکاڑہ،14اکتوبر(اے پی پی ):تھانہ صدراوکاڑہ پولیس نے اندھے قتل کی واردات ٹریس کر کے ایک ملزم کو  گرفتار کر لیا ہے  جبکہ  ملزم  سے  آلہ قتل بھی  برآمد کر لیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل تھانہ صدر اوکاڑہ میں ایک شخص نصیر احمد کی نعش اس کے موٹر سائیکل سمیت غربی بائی پاس سے ملی بظاہر نصیر احمد کی موت روڈ ایکسیڈنٹ کا نتیجہ معلوم ہوتی تھی۔ نعش اور موٹرسائیکل کے معائنے کے بعد مشکوک حالات سامنے آنے پر  ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال نے اس وقوعہ کو ٹریس کرنے کے لیے آئی ٹی ماہرین سمیت پولیس افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم وقاص کو شامل تفتیش کیا توملزم وقاص نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ۔ملزم وقاص نے بتایا کہ میں اور میرے والد امانت علی نے متقول نصیر احمد کو قتل کیا۔ وجہ عناد یہ تھی کہ مقتول نصیر احمد سے ملزم وقاص نے اپنی بہن کی شادی کے عوض رقم لینی تھی، رقم بروقت نہ ملنے پر مقتول کو قتل کیا گیا۔

پولیس نےملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل بھی برآمد کر لیاجبکہ مفرور ملزم امانت علی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔