گوجرانوالہ،15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بجلی بریک ڈائون کے بعد کم مدت میں بجلی کانظام بحال کیا،ملک بھرمیں اس وقت بجلی کا نظام مکمل بحال ہے،بریک ڈائون کی وجہ کیاتھی اس حوالے سے انکوائری رپورٹ پیر کو موصول ہوگی۔
انہوں نے ان خیالات کااظہار ہفتہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر توانائی نے کہاکہ بجلی بریک ڈائون کے باعث بجلی سپلائی متاثر ہوئی تھی،بریک ڈائون کوئی معمولی واقعہ نہیں تھا،پورے ملک میں بلیک آئوٹ نہیں، بریک ڈائون کو آدھے حصے تک محدود رکھا گیا اس کے بعد قلیل مدت میں بجلی کا سسٹم بحال کیا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کا عمل شروع ہوچکاہے،فیصل آباد، ملتان، سکھر، حیدرآباد اور بلوچستان میں بجلی کا نظام بحال کر دیا گیا ہے، اس وقت ملک میں بجلی کی ترسیل اور پیدا وار معمول کے مطابق جاری ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ کسی جگہ بھی ٹرانسمیشن میں خرابی کی وجہ سے شٹ ڈائون نہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقے بھی اب بجلی کے سسٹم سے منسلک ہیں جن علاقوں میں سیلاب کا پانی تھا ان علاقوں کی بجلی بھی بحال کردی گئی ہے۔