وزیراعظم توانائی کے شعبے میں خودکفالت کےلئے جلد بڑے پروگرام کا اعلان کریں گے؛ مصدق ملک

53

اسلام آباد،18اکتوبر  (اے پی پی):وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے گیس کے دو اضافی  کارگوز کا انتظام کرلیا ہے، وزیراعظم توانائی کے شعبے میں خودکفالت کےلئے جلد بڑے پروگرام کا اعلان کریں گے۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کویہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دورحکومت میں جب گیس سستی تھی تو خریداری کا معاہدہ نہیں کیا گیا ، 2 اور4 ڈالر کی ایل این جی اس وقت لے سکتے تھے آج40 ڈالر میں بھی دستیاب نہیں ہے، حکومت نے دو اضافی کارگوز کا انتظام کرلیا ہے ، جنوری کےلئے پچھلے سال 9 کارگوز منگوائے گئے تھے ، رواں سال 10 کارگوز دستیاب  ہونگے ، فروری کےلئے پچھلے سال 8 بحری جہاز منگوائے گئے تھے، رواں سال 9 بحری جہاز  منگوائے جارہے ہیں، جنوری اور فروری  2023کےلئے ایک ایک اضافی کارگو کا انتظام کیا گیا ہے، پچھلے سال سردیو ں کی نسبت رواں سال سردیوں میں گیس کی صورتحال بہتر ہوگی۔

وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ ایس این جی پی ایل ، ایس ایس جی سی ، پارکو اورپی ایس او کو کہا گیا ہے کہ جتنی گیس کی قلت ہے ایل پی جی منگوائیں ، ایس این جی پی ایل  پنجاب اور خیبرپختونخوا میں  ایل پی جی کے سلنڈر فروخت کرے گی، ایس ایس جی سی 20 ہزار ٹن اضافی ایل پی جی منگوا رہی ہے ، سلنڈرز خریدے جارہے ہیں، گیس کی ترسیل کےلئے باؤزرز کا بھی انتظام کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صارفین سے اپیل ہے کہ وہ بھی گیس کے استعمال میں کفایت شعاری  اپنائیں، بوائلرز اور ہیٹرزکا کم سے کم استعمال کیا جائے، کم گیس خرچ والے چولہے اور گیزر استعمال کئے  جائیں۔انہوں  نے کہا کہ وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں خودکفالت کےلئے ایک بڑا پروگرام تیارکرنے کا حکم دیا ہے  جس کا وہ جلد اعلان کریں گے۔

وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک  نے کہا کہ  امریکی صدر نے پاکستان کی ایٹمی تنصیبات سے متعلق ایک بیان دیا ہے اور ان کا بیان عمران خان کی زبان تھی جس نے امریکی حکام سے تعلقات بہتر کرنے کےلئے ایک فرم کی خدمات حاصل کی ہوئی ہیں اور اسے سالانہ کروڑوں ڈالرکی ادائیگی کی جارہی ہے ، ڈیوڈ فینٹن جوہری پروگرام اور پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کا مخالف ہے ، عمران خان  اور پی ٹی آئی نے آج تک فرم ہائر کرنے کی تردید نہیں کی ، پاکستان کاسابق وزیراعظم جس کے پاس ملک کے تمام راز ہیں وہ جیب سے یہ راز نکال کر جلسوں میں لہراتا ہے اور دھمکیاں دیتا ہے کہ یہ راز بتا دیں گے ۔

 وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ، اس کی قیادت اورملک کے خلاف ویڈیو، نیٹ فلیکس سے منسوب کرکے چلائی گئی ہے اس نے بھی اس ویڈیو سے لاتعلقی کا اظہارکردیا ہے،سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ  ملک ریاض  ، عارف نقوی، کرکٹ کلب اورہندوستانی شہری کی طرف سے ملنے والے پیسے کہاں خرچ ہورہے ہیں ، ملک اورملک کے ایٹمی پروگرام کے خلاف سازش ہورہی ہے ، اس سے پہلے شہدا ءکے خلاف بھی مہم چلائی گئی اور یہ مہم چلانے والے لوگوں نے بعد میں خود معافیاں مانگیں کہ ہمارے اوپر دباؤ تھا ، انٹرنیشنل لابسٹ کو کروڑوں کی ادائیگیاں کی جارہی ہیں اور باہر سے آنے والا پیسہ باہر جارہا ہے ، پی ٹی آئی کو میرا چیلنج ہے کہ  وہ تردید کرے کہ ڈیوڈ فینٹن کو اپنا لابسٹ نہیں رکھا، غیرقانونی اور فارن فنڈنگ کے پیسے ویڈیو ز میں استعمال نہیں ہوئے ؟، عمران خان فارن فنڈنگ پاکستان مخالف ایجنڈے کےلئے استعمال کررہے ہیں ۔