لاہور ڈویژن کے ارکان اسمبلی کااجلاس، وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے ترقیاتی ویژن کو ارکان اسمبلی کا خراج تحسین

10

لاہور،20اکتوبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت لاہور ڈویژن کے ارکان اسمبلی کااجلاس ہوا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے ترقیاتی ویژن کو ارکان اسمبلی نے خراج تحسین  پیش کیا اور ارکان اسمبلی نے  حلقوں کے مسائل کے حل کے لئے تجاویز پیش کیں ۔

ارکان اسمبلی کی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کیلئے سفارشات پر  وزیراعلی پرویز الٰہی نے قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ایک سال میں عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت اورمسائل حل کرنا چاہتے ہیں، زیر تکمیل منصوبوں میں تاخیر کاازالہ کیاجائے،ممکنہ وسائل فراہم کریں گے۔رابطہ سڑکو ں کی تعمیر و مرمت کے پراجیکٹ ترجیحاً مکمل کئے جائیں گے۔ ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اوربہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ رابطہ سڑکو ں پر حادثات میں زخمیوں کی فوری طبی امداد کیلئے ٹراما سنٹر بنائے جائیں گے۔انہوں نے سپیڈو بس کا روٹ وفاقی کالونی تک بڑھانے کی ہدایت کردی۔

سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال،صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، مراد راس، خرم ورک، سابق وفاقی وزیربریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ،کرامت کھوکھر، دیگر ارکان قومی وصوبائی اسمبلی،کمشنرلاہورڈویژن،ڈپٹی کمشنرز،پولیس و دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔