اسلام آباد،21اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے 4 سال میں ترقیاتی بجٹ بڑھانے کی بجائے گھٹا دیا،سرمایہ کاری کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کی ایک تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی مستقبل کے لئے سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا،کوئی اکیلا اس ملک کو ٹھیک نہیں کرسکتا،ملک کو چیلنجز سے بچانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب 4 ماہ پہلے حکومت سنبھالی تو مخالف سیاستدانوں نے ملک کے دیوالیہ ہونے کی شرطیں لگا رکھی تھیں، مخالف سیاستدان ڈالر کا ریٹ 300 پر آنے کی شرطیں بھی لگاتے تھے، ملک کو دیوالیہ ہونے کی شرطیں لگانے والے مخالفین کو منہ کی کھانا پڑی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈالر کی طلب پوری کرنے کے لئے ہنگامی حکمت عملی کی ضرورت ہے، برآمدات بڑھانے کے لئے نئی منڈیاں تلاش کرنا ہوں گی، پاکستان کے ایکسپورٹرز کو میڈان پاکستان برانڈ کو فروغ دینا ہوگا۔