حکومت گلگت  بلتستان نے تمام شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائے ہیں؛ وزیر اعلیٰ   خالد خورشید

9

گلگت،21 اکتوبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ حکومت گلگت  بلتستان نے تمام شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائے ہیں جس سے محکموں کی استعداد کار میں اضافہ ہوا ہے اور مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے  جمعہ کو یہاں   ایئر وار کالج کے آفیسران کے دورہ گلگت  بلتستان کے موقع پران سے   گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے  کہا کہ تمام اہم شعبوں کی سٹیئرنگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، گلگت  بلتستان کے بڑے ہسپتالوں کو ٹیچنگ ہسپتالوں کا درجہ مل گیا ہے۔ ہر شعبے میں 10سالہ پلان تیار کرکے اس پلان کے تحت کام کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ  گلگت  بلتستان میں نرسنگ کالج کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، زرعی، پولٹری اور ڈیری کے شعبے میں خود کفالت کی منزل حاصل کرنے کیلئے 10سالہ پلان کے تحت اقدامات کررہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ  گلگت  بلتستان کی جغرافیائی اور دفاعی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سکردو ایئر پورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ دیا گیا ہے، حکومت گلگت  بلتستان نے گلگت میں بھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام کیلئے سفارش کی ہے جس کا سروے کیا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے اس علاقے کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے، جنگلات کے تحفظ کیلئے متبادل توانائی کے منصوبے زیر غور ہیں، گلگت میں شروع کئے جانے والے ایئر مکس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے وفاقی حکومت کو سفارش کی گئی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے جنگلات کے کٹاؤ کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت نے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔

 وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہا کہ گلگت  بلتستان میں مستقل امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ امن خراب کرنے اور حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹارلنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔

 ایئر وار کالج کے آفیسران میں پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی،الائیڈ آفیسرز، سعودی عرب، ایران، عراق، بنگلہ دیش، اردن، بحرین، ملیشیاء، انڈونیشیاء، جنوبی افریقہ، زمبابوئے، نائیجریا، مصر اور سری لنکا کے آفیسران شامل تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت  بلتستان عزیز جمالی نے گلگت  بلتستان دورے پر آئے ہوئے ایئروار کالج کا آفیسران کو گلگت  بلتستان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔