لاہور،21 اکتوبر(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ صوبے میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں، پہلے بھی پنجاب کے عوام کی خدمت کی، اب بھی خدمت کا کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے جمعہ کو یہاں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ اور پی ٹی آئی کے رہنما جمشید اقبال چیمہ سے ملاقات میں کیا۔ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے مسرت جمشید چیمہ کو نئی ذمہ داریوں کا نوٹیفکیشن دیا ۔ وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے مسرت جمشید چیمہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے فلاح عامہ کے حکومتی اقدامات کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مختصر مدت میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے پائیدار اقدامات کئے ہیں اور سیلاب متاثرین کے لئے اربوں کا پیکج دیا۔ انہوں نے کہا کہ اشٹام ڈیوٹی کی شرح میں 100 فیصد کمی کرکے ایک فیصد کر دیا ہے، 100 ارب روپے سے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغاز کیا ہے جس سے 80لاکھ خاندانوں کو آٹا،گھی، آئل اور دالیں مارکیٹ سے 40 فیصد سستی میسر ہوں گی ۔
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ صوبے میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔ پہلے بھی پنجاب کے عوام کی خدمت کی،اب بھی خدمت کا کر رہے ہیں۔